کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) عامر سہیل کا متنازعہ بیان نشر کرنے پر پیمرا نے سما ٔ ٹی وی کو معافی مانگنے اور اسے براہ راست نشر کرنے کا حکم جاری کردیا۔تفصیلات کے مطابق سابق کرکٹر عامر سہیل کے موجودہ کپتان سرفراز کے حوالے سے متنازعہ بیان نشر کرنے پر پیمرا نے سمأ ٹی وی کو ناظرین اور کپتان سرفراز سے معافی مانگنے کی ہدایت کی ہے۔پیمرا کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ سمأ ٹی وی 25 جون 2017 کو پرائم ٹائم میں معذرت تحریری طور پر نشر کرے۔
یاد رہے کہ سابق کرکٹر عامر سہیل نے سما ٹیلی وژن پر ٹاک شو کے دوران قومی کرکٹ ٹیم خصوصاً سرفراز احمد کے خلاف بیان دیا تھا، عامرسہیل نے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد پرالزامات لگائے تھے۔انہوں نے کہا تھا کہ سری لنکا کیخلاف میچ میں ہونے والی جیت میں سرفراز احمد کا کمال نہیں، یہ مخصوص ایجنڈا تھا۔ عامر سہیل کے اس بیان کے بعد پاکستان کے خلاف زہر اگلنے والے بھارتی میڈیا کو موقع ملا اور اس نے پاکستان کیخلاف ہرزہ سرائی شروع کردی تھی۔قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے عامر سہیل کے بیان پر کوئی تبصرہ کرنے سے اجتناب کرتے ہوئے کہاتھا کہ ’’کہ عامر سہیل نے جو بولا وہ اُن کی ذاتی رائے ہے‘‘۔