اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) نادرا کے دفاتر میں طویل قطاروں سے پریشان افراد کے لیے ایک اچھی خبر سامنے آئی ہے، حکومت نے شناختی کارڈ کی ترامیم اور تجدید کے لیے پوسٹ آفس میں کاؤنٹر قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے لوگوں کی مشکلات مزید کم ہوں گی۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں نادرا اور پاکستان پوسٹل سروسز میں معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں، معاہدے کے مطابق نادرا ملک بھر میں 50 ہزار پوسٹ آفس ملازمین کو کمپیوٹر تربیت فراہم کرے گا۔
رجسٹریشن کاؤنٹرز کی بدولت نادرا اپنی خدمات عوام کی دہلیز تک پہنچائے گا، ذرائع کے مطابق پاکستان پوسٹل سروسز کے رجسٹریشن کاؤنٹرز پر آن لائن ’’پاکستانی شناخت‘‘کا سسٹم یقینی بنایا جائے گا۔کاؤنٹرز پر شناختی کارڈ کی تجدید، ڈپلیکیٹ شناختی کارڈ کا اجرا یقینی بنایا جائے گا، ترجمان کا کہنا ہے کہ کاؤنٹرز پر ایڈریس یا ازواجی حیثیت میں تبدیلی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔اس پراجیکٹ کے ابتدائی مرحلے میں 10 پوسٹ آفسز کا انتخاب کیا گیا ہے، ایک صوبے سے ایک دیہی اور ایک شہری پوسٹ آفس سے منتخب کیا گیا ہے۔