لاہور (این این آئی) نیا چاند اتوار 29رمضان المبارک بمطابق 25جون کی شام موسم صاف ہونے کی صورت میں پاکستان کے اکثر علاقوں میں نظر آجائے گا لہٰذا شوال المکرم 1438ھ کا آغاز سوموار 26جون 2017کوہوجائے گا ۔ رویت ہلاک ریسرچ کونسل کے جنرل سیکرٹری خالد اعجاز مفتی نے کہا کہ نیا چاند اس وقت تک دکھائی نہیں دیتا جب تک اس کی عمر غروب آفتاب کے وقت کم از کم 19گھنٹے اورغروب شمس
وغروب قمر کا درمیانی فرق کم از کم 40منٹ ہوجائے ۔ شوال المکرم کا چاند ہفتہ 24جون 2017کو پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق صبح 7بجکر 31منٹ پر پیدا ہوگا ۔ 25جون کی شامل غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر پشاور میں 35گھنٹے 56منٹ ، راولپنڈی /اسلام آباد میں 35گھنٹے 52منٹ ، لاہور میں 35گھنٹے 40منٹ ، کوئٹہ میں36گھنٹے 07منٹ اور کراچی میں 35گھنٹے 56منٹ ہوگی جبکہ سب سے زیادہ عمر جیوانی میں 36گھنٹے 14منٹ اور زیارت میں 36گھنٹے 15منٹ ہوگی ۔ دوسری جانب غروب شمس اور غروب قمر کا درمیانی فرق جو کم از کم 40منٹ ہونا چاہیے وہ پشاور میں 70منٹ ، راولپنڈی /اسلام آباد میں بھی70منٹ ،لاہور 71منٹ ،کوئٹہ میں 73منٹ جبکہ کراچی میں 76منٹ اورجیوانی میں 77منٹ ہوگا ۔ فلکیاتی اعدادوشمار کے مطابق عید الفطر کا چاند ہفتہ 24جون شمالی علاقہ جات ،قبائلی علاقہ جات اورخیبر پختونخواہ سمیت ملک کے کسی بھی حصے میں ٹیلی سکوپ سے بھی دکھائی نہیں دے سکتا ۔ اس روز غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر پاکستان کے تمام علاقوں میں 12گھنٹے 15منٹ سے بھی کم ہوگی نیز غروب شمس و غروب قمر کا درمیانی فرق پاکستان کے کسی بھی علاقہ میں 17منٹ سے زائد نہیں ہوگا ۔ لہذا اگر ہفتہ 24جون کی شام کو مسجد قاسم علی خان پشاور میں چاند دکھائی دینے کی کوئی شہادتیں موصول ہوئیں تو وہ تمام شہادتیں جھوٹی ہوں گی ۔