اسلام آباد(آئی این پی) وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نجی دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے جہاں وہ روضہ رسول ؐ پر حاضری دیں گے۔وزیراعظم رمضان کا آخری عشرہ سعودی عرب گزاریں گے اور عمرہ کریں گے، وہ کمرشل پرواز کے ذریعے اہلخانہ سمیت سعودی عرب روانہ ہوئے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم دورہ سعودی عرب کے بعد وزیراعظم وہیں سے لندن جائیں گے جہاں اپنا طبی معائنہ کرائیں گے۔نواز شریف کے
اہل خانہ بھی ان کے ہمراہ ہونگے۔واضح رہے کہ وزیراعظم کی گزشتہ برس ہارٹ سرجری ہوئی تھی اور جون میں ان کا چیک اپ ہونا تھا۔وزیراعظم 30 جون کو لندن سے وطن واپس آئیں گے۔نواز شریف گزشتہ 35سال سے رمضان کا آخری عشرہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں گزارتے ہیں۔اس سال جے آئی ٹی میں پیشی اور اپنے خاندان کی طلبی کی وجہ سے نواز شریف 20رمضان کو سعودی عرب روانہ نہیں ہو سکے۔