اسلام آباد (این این آئی)محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اگلے ماہ بھرپور مون سون بارشیں ہوں گی ٗجس کی وجہ سے دریاؤں اور ندی نالوں میں سیلاب بھی آسکتے ہیں۔مون سون کی تیاریوں کے حوالے سے این ڈی ایم اے کے زیر اہتمام کانفرنس میں محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں معمول سے زیادہ مون سون بارشیں متوقع ہیں ٗشدید بارشوں سے شہروں میں بھی سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک بھر میں مون سون کی بارشیں جولائی میں معمول کے مطابق ہوں گی، اگست اور ستمبر میں مون سون کی بارشیں معمول سے کم متوقع ہیں۔خیبرپختونخوا، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں اوسطاً زیادہ بارشیں ہوں گی ٗکئی جگہوں پر شدید بارشوں کی وجہ سے سیلابی صورت حال بھی پیدا ہو سکتی ہے۔شدید بارشیں شہروں کے اندر بھی سیلابی صورت حال پیدا کر سکتی ہیں، کراچی میں ہلکی بارشیں ہوں گی۔