لاہور(آئی این پی)پنجاب بھر میں آندھی اورطوفانی بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 9 افراد جاں بحق اور 30سے زائد زخمی ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو پنجاب میں آندھی اور بارش کے باعث مختلف حادثات پیش آئے جن میں 9افراد جاں بحق اور30سے زائد افراد زخمی ہوگئے ۔ بہاول نگر میں آندھی سے 3افراد جاں بحق اور بستی محمد پور میں آندھی سے مدرسے کی چھت گرگئی جس میں 7بچے زخمی ہوگئے ۔ فیصل آباد کے
قریب میراں والا بنگلہ میں بارش کے باعث گھر کی چھت گرگئی جس سے خاتون جاں بحق جبکہ شوہر زخمی ہوگیا ۔ رائے ونڈ میں مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ ہارون آباد میں آندھی کے باعث 2افراد جاں بحق ہوگئے ۔ بورے والا میں بھی تیز آندھی اور موسلادھار بارش سے دیوار گرگئی جس سے 4افراد زخمی ہوگئے ۔ چیچہ وطنی میں آندھی اور شدید بارش کے باعث1بچی جاں بحق اور13افراد زخمی ہوگئے ۔