راولپنڈی(این این آئی) ایف آئی اے کے اینٹی ہیومن ٹریفیکنگ سیل نے بینظیر بھٹو اسلام آباد انٹرنیشل ائیر پورٹ پر ایک کارووائی کے دوران انسانی سمگلنگ میں مبینہ طور پر ملوث ایک خاتون اور جنوبی کوریا جانے والے دو سادہ لوح لڑکوں کو گرفتار کر لیا۔ ذرائع کے مطابق تینوں افراد نے اسلام آباد ائیر پورٹ سے فلائٹ نمبر پی۔کے 854 کے زریعے جمعرات رات10:40 پر سیول براستہ بیجنگ جانا تھا۔
اے ایچ ٹی سی کا خاتون جس کا نام رابعہ یونس ولد محمد یونس ہے کے خلاف مقدمہ درج کیاگیا۔دونوں گرفتار لڑکوں جن کے نام ملک عبدالباسط (رہائشی ایبٹ آباد) اور زریاب خالد (رہائشی ہری پور ہزارہ) کو رات گئے شخصی ضمانت پر رہا کردیا گیا۔ذرائع کے مطابق اس سے قبل دونوں لڑکوں نے اپنے بیانات میں ایف آئی اے کو بتایا کہ رابعہ یونس نے ان سے جنوبی کوریا کے بیس روزہ وزٹ ویزہ کے لیے فی کس مبلغ آٹھ لاکھ روپے وصول کیے اور ان دونوں نے کوریا پہنچ کر غائب ہو جانا تھا۔ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کے انسپکٹر واجد نے بتایا کہ خاتون اورلڑکوں کی مشکوک حرکات نے اے ایچ ٹی سی کے ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں کو چوکنا کر دیا جس پر تینوں افراد کو حراست میں لے کر جب پوچھ گچھ کی گئی تو لڑکوں نے انکشاف کیا کہ وہ سولہ لاکھ کے عوض وزٹ ویزہ پر جنوبی کوریا جارہے تھے۔انسپکٹر نے مزید بتایا کے خاتون کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ دونوں لڑکوں کو رہا کر دیا گیا ہے۔