اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) شک کی بنیادپرفیصلے نہیں ہوتے، جے آئی ٹی کو انشا اللہ کوئی ثبوت نہیں ملے گا ، دوبارہ بلایا تو ضرور آئوں گا، الیکشن لڑنے کا ارادہ نہیں، وزیراعظم کے صاحبزادے حسین نواز کی جے آئی ٹی کے سامنے پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو۔
تفصیلات کے مطابق پانامہ جے آئی ٹی کے سامنے پانچویں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے صاحبزادے حسین نواز کا کہنا تھا کہ میڈیا کا شکر گزار ہوں جو کوریج اور عوام تک سچ پہنچانے کیلئے دھوپ میں بھی موجود رہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انشا اللہ جے آئی ٹی کو کوئی ثبوت نہیں ملیں گے کیونکہ کوئی ثبوت ہے ہی نہیں جبکہ شک کی بنیاد پر کسی کے خلاف فیصلے نہیں ہوتے، شک ایک شیطانی عمل ہے جس سے بچنا چاہئے۔ جے آئی ٹی کمرہ تفتیش میں کیمرے سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہاں کوئی سی سی ٹی وی کیمرہ نہیں۔انہوں نے آئندہ عام انتخابات 2018میں حصہ لینے کے حوالے سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ ان کا آئندہ عام انتخابات میں حصہ لینے کا کوئی ارادہ نہیں۔ اس موقع پر حسین نواز کا کہنا تھا کہ پانامہ جے آئی ٹی سے مطمئن مجھے نہیں بلکہ انہیں ہونا ہے میڈیا یہ سوال جے آئی ٹی ممبران سے پوچھے۔جے آئی ٹی پیشی کے بعد حسین نواز نے کارکنوں کے پرجوش نعروں کا جواب ہاتھ ہلا کر دیا۔