اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ نہال ہاشمی کے بیان کی آڑ میں عمران خان ستی ساوتری بنے کی کوشش نہ کریں‘ دوسروں پر انگلی اُٹھانے سے پہلے پی ٹی آئی کے بے لگام سربراہ اپنے گریبان میں جھانکیں ‘عدلیہ اور جے آئی ٹی کو دباؤ میں لانے کے لیے پی ٹی آئی کا رویہ شرمناک رہا ہے‘نیب اور الیکشن کمیشن کو گالیاں دینے اور ان کا گھیراؤ کرنے کا اعزاز بھی عمران خان ہی کو حاصل ہے‘
عمران خان نے پارلیمنٹ ہاؤس اور پی ٹی وی پر دھاوے کی خود قیادت کی‘نہال ہاشمی کی تقریر ان کی ذاتی رائے مگر ناقابل قبول اور تکلیف دہ ہے،نہال ہاشمی کی جمہوری خدمات کے باوجود قیادت نے ان کی جواب طلبی کرلی ہے۔بدھ کو اپنے بیان میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ نہال ہاشمی کی تقریر ان کی ذاتی رائے مگر نابل قبول اور تکلیف دہ ہے ۔کسی رکن کو فرط جذبات میں الٹی سیدھی تقریر یں کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے ۔نہال ہاشمی کی جمہوری خدمات کے باوجود قیادت نے ان کی جواب طلبی کرلی ہے ۔انھوں نے کہا کہ تحفظات کے باوجود اداروں کے کام میں کسی کو مداخلت کی اجازت نہیں دیں گے۔پرامن جمہوری رویے اور جماعتی ڈسپلن کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا۔نہال ہاشمی کے بیان کی آڑ میں عمران خان ستی سواوتری بنے کی کوشش نہ کریں۔عمران خان اپنے ساتھیوں کو پوری ڈھٹائی سے آئے اور اداروں ‘مخالفین پر حملوں پر اُکساتے ہیں عمران خان نے پارلیمنٹ ہاؤس اور پی ٹی وی پر دھاوے کی خود قیادت کی ۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ نیب اور الیکشن کمیشن کو گالیاں دینے اور ان کا گھیراو کرنے کا اعزاز بھی عمران خان کو حاصل ہے۔عدلیہ اور جے آئی ٹی کو دباو میں لانے کے لیے پی ٹی آئی کا رویہ شرمناک ہے۔دوسروں پر انگلی اُٹھانے سے پہلے پی ٹی آئی کے بے لگام سربراہ اپنے گریبان میں جھانکیں۔