اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) گورنر خیبرپختونخواہ پی ٹی آئی کے نشانے پر ، گاڑی کو ٹکر مارنے پر تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری اور اقبال ظفر جھگڑا میں تلخ کلامی۔ تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کے باہر اس وقت کشیدہ صورت حال پیدا ہوگئی
جب تحریک انصاف کی رہنما شیریںمزاری اور گورنر خیبرپختونخواہ اقبال ظفر جھگڑا میں تلخ کلامی ہو گئی۔ شیری مزاری کا انداز نہایت جارحانہ تھا، گورنر خیبرپختونخوا کے پروٹوکول میں شامل گاڑی نے شیریںمزاری کی گاڑی کو ٹکر ماری جس پر وہ نہایت جارحانہ انداز میں اقبال ظفر جھگڑا کی جانب بـڑھیں اور مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی پروٹوکول گاڑی میری گاڑی کو ٹکر مار کر بھاگ گئی اور اس پر نمبر پلیٹ بھی نہیں لگی ہوئی تھی۔ اپنے سٹاف کو تمیز سکھائیں۔ یہ بہت غلط بات اور بدتمیزی ہے۔ آپ کی گاڑیاں لوگوں کو ٹکر مار رہی ہیں۔ گورنر ہونے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ آپ کسی کو بھی مار دیں۔شیریں مزاری کے جارحانہ انداز اور اچانک ہلے سے اقبال ظفر جھگڑا پہلے تو بوکھلا گئے تاہم بعد میں سنبھلتے ہوئے وضاحت دینے کی کوشش کی لیکن شیریں مزاری نے انہیں کچھ کہنے ہی نہ دیا جس پر گورنر خیبرپختونخواہ بھی تھوڑے غصے میں آگئے ور شیریں مزاری کو کہا کہ اونچی آواز میں بات نہ کریں۔ چیخنے کی ضرورت نہیں۔ آپ خود کو دیکھیں کس طرح بات کررہی ہیں۔ تاہم شیریں مزاری اقبال ظفر جھگڑا کو اچھی بھلی سنا کر چلی گئیں۔