لاہور(آئی این پی)لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے شریف خاندان کی ملکیت شوگر ملز کی جنوبی پنجاب منتقلی کے معاملے پر دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس سید منصور علی شاہ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کی درخواست پر سماعت کی جس میں شریف خاندان کی ملکیت شوگر ملز کی منتقلی کو چیلنج کیا گیا۔
جہانگیر ترین کے وکیل اعتزاز احسن نے نشاندہی کی کہ نئی شوگر ملز لگانے پر پابندی ہے اور شوگر ملز کی منتقلی نئی مل لگانے کے مترادف ہے۔اعتزاز احسن کے مطابق کپاس کے علاقے میں شوگر ملیں لگنے سے کپاس کی فصل کو نقصان پہنچے گا ۔پنجاب حکومت کے وکیل خواجہ حارث نے حتمی دلائل میں کہا کہ شوگر ملوں کی منتقلی کی پالیسی کسی خاص گروپ کے لیے نہیں بنائی گئی۔