کراچی (این این آئی) گورنر سندھ محمد زبیر سے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین اور معروف عالم دین مفتی منیب الرحمان نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں رویت ہلال کمیٹی کی کارکردگی ،مذہبی تہواروں پر چاند کی رویت پر اتفاق رائے کی اہمیت و ضرورت اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ کمیٹی میں تمام مسالک کے علمائے کرام کی موجودگی خوش آئند ہے،
چاند کی رویت پر اتفاق رائے نہایت ضروری ہے تاکہ ملک بھر میں مذہبی تہوار ایک ساتھ منائے جاسکیں،انہوں نے کہا کہ علمائے کرام فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ملاقات میں مفتی منیب الرحمان نے گورنر سندھ کو بتایا کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی مصدقہ شہادتوں کے بعد چاند نظر آنے کا اعلان کرتی ہے اس ضمن میں بھرپور احتیاط اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جاتا ہے۔