اسلام آباد (این این آئی) سندھ اور خیبرپختونخوا ترجیحی اقتصادی زونز کے قیام کے جائزہ کے حوالے سے چینی ماہرین کا وفد 5 جون 2017ء کو پاکستان آئے گا۔ سرمایہ کاری بورڈ کے ترجمان شاہجہان شاہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ چینی سفارتخانہ کے نائب سربراہ کی قیادت میں چینی ماہرین پر مشتمل وفد راشا کائی ، نوشہرہ اور دھابیجی میں ترجیحی اقتصادی زونز کے قیام کے بارے میں تفصیلی جائزہ لے گی۔
انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری پر گہری دلچسپی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سرمایہ کاروں کی معاونت اور زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کیلئے جامع اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ منصوبے کے تحت ترجیحی/مخصوص اقتصادی زونز میں سرمایہ کاروں کی سہولیات کیلئے حکومت نے ون ونڈو آپریشن شروع کیا ہے اس کے علاوہ پلانٹ اور مشینری کی ڈیوٹی فری درآمد کی سہولت بھی دی جارہی ہے۔