لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ (ن) نے آئندہ عام انتخابات میں اندرون سندھ بہتر نتائج کیلئے پیپلز پارٹی کی قیادت سے ناراض بے نظیر بھٹو مرحومہ کی سیکرٹری ناہید خان سے بالواسطہ رابطے کر لئے۔ گورنر سندھ محمد زبیر نے لاڑکانہ کے دورے کے دوران ناہید خان کے شوہر اور پیپلز پارٹی ورکرز کے سربراہ ڈاکٹر صفدر عباسی کے بھائی سابق رکن صوبائی اسمبلی منور عباسی اور بھتیجے معظم عباسی سے ملاقات کی۔
اس ملاقات کو سیاسی حلقے اندرون سندھ کی سیاست میں مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کی طرف سے پیپلز پارٹی کو ٹف ٹائم دینے کی خواہش قرار دے رہے ہیں۔ اس حوالے سے جب ڈاکٹر صفدر عباسی سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ان کے بھائی اور بھتیجے کی گورنر سندھ محمد زبیر سے ملاقات ہوئی مگر یہ لاڑکانہ کی مقامی سیاست کا حصہ تھی۔ ان کے بھائی منور عباسی اور بھتیجے نے گورنر سندھ کو بتایا کہ اگر مسلم لیگ (ن) کی مرکزی حکومت اندرون سندھ کے عوام کی مدد کرنا چاہتی اور انہیں کوئی اچھا پیغام دینا چاہتی ہے تو سندھ میں لوڈ شیڈنگ میں کمی کرے۔ ٹیوب ویلوں اور کھاد پر بھی سبسڈی برقرار رکھی جائے۔ انہوں نے مسلم لیگ (ن) سے تعاون کے سوال پر کہا کہ ان کے نزدیک میاں نواز شریف اور آصف زرداری میں کوئی فرق نہیں ہے۔