اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)نواز شریف اور اسامہ بن لادن کے درمیان سعودی عرب میں مدینہ منورہ کے ایک فائیو سٹار ہوٹل گرین پیلس میں ملاقات ہوئی ،ملاقات میں طالبان کے ہاتھوں قتل کر دئیے جانے والے سابق آئی ایس آئی آفیشل خالد خواجہ بھی موجود تھے، نجی ٹی وی سما کے پروگرام میں اینکر شہزاد اقبال کا انکشاف۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی کے پروگرام اینکر شہزاد اقبال نے انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ
آئی ایس آئی کے سابق آفیشل خالد خواجہ نے بتایا تھا کہ نواز شریف اور اسامہ بن لادن کے درمیان سعودی عرب میں مدینہ منورہ کے ایک فائیو سٹار ہوٹل گرین پیلس میں ملاقات ہوئی تھی جس میں خالد خواجہ بھی موجود تھے۔اسامہ بن لادن نے اس ملاقات میں نواز شریف سے کہا کہ آپ جہاد کشمیر کیلئے اپنی زندگی وقف کر دیں جس کے جواب میں میاں محمد نواز شریف نے القاعدہ سربراہ کو کہا کہ ’’I also love jihad‘‘۔ نواز شریف کا یہ جواب سن کر اسامہ بن لادن نے ایک پِلر کی طرف اشارہ کیا اور پھر پلِر کے ایک چھوٹے حصے کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ جہاد سے تمہاری محبت صرف اتنی ہے جبکہ پِلر کے ایک بڑے حصے کی جانب دوبارہ اشارہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اتنی محبت آپ اپنے بچوں سے کرتے ہیں اور پھر اس سے بڑے پِلر کے حصے کی جانب اشارہ کرتےہوئے کہا کہ یہ سب سے بڑا حصہ آپ کی محبت کا آپ کے والدین کیلئے ہے۔اسی دوران نواز شریف القاعدہ سربراہ کی جہاد بارے باتوں سے بے چینی محسوس کرنے لگے اور انہوں نے وہاں موجود خالد خواجہ سے پنجابی میں پوچھا کہ ’’منیا کہ نہیں منیا‘‘یعنی پیسے دینے کیلئے راضی ہوا ہے کہ نہیں۔خالد خواجہ کے مطابق محترمہ بینظیر بھٹو کی حکومت گرانے کیلئے میاں محمد نواز شریف توقع کر رہے تھے کہ اسامہ بن لادن 500ملین کی خطیر رقم انہیں فراہم کرینگے لیکن رقم کم فراہم کی گئی۔
شہزاد اقبال کا کہنا تھا کہ اس بات کی تصدیق رحمت شاہ آفریدی نے بھی کی جو کہ اخبار’’فرنٹیئر پوسٹ ‘‘کے ایڈیٹر انچیف تھے۔شہزاد اقبال نے اس حوالے سے رحمت شاہ آفریدی کے ایک انـٹرویو کا حصہ بھی آن ائیر کیا جس میں رحمت شاہ آفریدی کہہ رہے ہیں کہ میاں محمد نواز شریف کی جانب سے ’’I also love jihad‘‘کہنے پر اسامہ بن لادن شدید ناراض ہوئے۔ نواز شریف نے اسامہ کو کہا کہ آپ ناراض نہ ہوں ، آپ ہمارے مائی باپ ہیں۔رحمت شاہ آفریدی کا انٹرویو میں مزید کہنا تھا کہ نواز شریف نے اسامہ بن لادن سے ڈیڑھ ارب روپے لئے تھےجو جہاد کے نام پر تھےان ڈیڑھ ارب روپوں میں سے 27یا 28کروڑ روپے بینظیر بھٹو کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں استعمال ہوئے۔شہزاد اقبال نے مزید انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ ایک غیر ملکی صحافی سائمن ریس کی کتاب ’’دی نیو جیکلز‘‘جو 2009میں شائع ہوئی میں بھی اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ اسامہ بن لادن نے نواز شریف کو الیکشن کیلئے بھی پیسے دئیے اور القاعدہ آپریٹوز کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے بھی رقم فراہم کی۔