اسلام آباد (آئی این پی) دینی جماعتوں کے وسیع تر اتحاد کیلئے ملک کی دونوں بڑی دینی جماعتوں جمعیت علماء اسلام (ف) اور جماعت اسلامی پاکستان میں مذاکرات شروع ہوگئے‘ مولانا فضل الرحمن کو ابتدائی رپورٹ پیش کردی گئی‘ بات چیت مولانا فضل الرحمن‘ جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ اور سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری کے درمیان ہوئی ہے‘ دیگر جماعتوں سے رابطوں پر اتفاق ہوگیا ہے‘
دینی جماعتوں کے اتحاد کو حتمی شکل دینے کے لئے مولانا فضل الرحمن ان جماعتوں کی قیادت سے براہ راست رابطے بھی کریں گے۔ ذرائع کے مطابق جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے گزشتہ روز جے یو آئی (ف) کی دعوت پر دینی جماعتوں کے اتحاد پر بات چیت کی خصوصی طور پر اسلام آباد آئے جمعیت علماء اسلام (ف) کے سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدر سے ملاقات کی دینی جماعتوں کے اتحاد کے طریقہ کار پر بات چیت ہوئی۔ تجاویز پر غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اتحاد یا مفاہمت کے معاملات کو جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق ہوگیا ہے ان دونوں جماعت اسلامی پاکستان کے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ساتھ فاصلے وسیع ہوگئے ہیں اور انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے ساتھ اتحاد و مفاہمت کا امکان دم توڑ گیا ہے اس صورتحال کے پیش نظر متحدہ مجلس عمل کی بحالی کی کوششیں تیز ہوگئی ہیں۔ دونوں بڑی دینی جماعتوں نے اتحاد کے طریقہ کار پر تجاویز کا تبادلہ کیا ہے۔ لیاقت بلوچ نے مولانا فضل الرحمن سے بھی ملاقات کی اور اتحاد کے لئے جماعت اسلامی سے رابطوں پر ان کا شکریہ ادا کیا مولانا فضل الرحمن اب دیگر دینی جماعتوں کے قائدین سے بھی رابطے کریں گے جبکہ اتحاد کے طریقہ کار کے بارے میں مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے مولانا فضل الرحمن کو ابتدائی رپورٹ پیش کردی ہے۔