اسلام آباد (آئی این پی) شیخ رشید احمد نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈان لیکس کا معاملہ گھمبیر ترین صورتحال اختیار کرچکا ہے‘ حکومت ڈی جی آئی ایس پی آر کو ہٹانے کا مطالبہ کررہی ہے جبکہ فوج چوہدری نثار کو عہدے سے ہٹانا چاہتی ہے‘ (ن) لیگ کا سیاسی جنازہ اب پانچ کندھوں کے ساتھ نکلے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور حکومت جتنے اب پریشان ہیں پہلے کبھی نہیں تھے پاکستان میں قیادت کا بدترین فقدان ہے۔
وہ بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ شیخ رشید نے کہا کہ اداروں کا جھکاؤ پانامہ لیکس سے زیادہ ڈان لیکس پر ہے ڈان لیکس کا شدید ترین گھمبیر حالات میں داخل ہوچکی ہے۔ حکومت ڈان لیکس کے معاملے پر کسی نتیجے پر پہنچ ہی نہیں رہی۔ حکومت ڈی جی آئی ایس پی آر کو ہٹانے کا مطالبہ کررہی ہے اور فوج چوہدری نثار کو عہدے سے ہٹانا چاہتی ہے۔ چیف آف آرمی سٹاف سے ہرجگہ ڈان لیکس کا سوال ہورہا ہے۔