اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقوں (فاٹا) کے نمائندگان اور اہم سیاسی جماعتوں نے فاٹا اصلاحات کے نفاذ میں مزید تاخیر ہونے پر اسلام آباد میں دھرنے کی دھمکی دے دی۔قبائلی علاقے کے نمائندگان اور سیاسی جماعتوں نے مجوزہ فاٹا اصلاحات کے نفاذ میں تاخیر پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا اور دھمکی دی ہے کہ اگر حکومت نے 20 مئی تک اس معاملے میں ضروری قانون سازی کے لیے سینیٹ اور قومی اسمبلی کا خصوصی سیشن منعقد نہیں کیا تو اسلام آباد کی جانب مارچ کیا جائے گا۔
یہ انتباہ فاٹا کے پارلیمنٹیرینز کی جانب سے منعقد کی جانے والی کثیر الجماعتی کانفرنس (ایم پی سی) کے اختتام پر جاری ہونے والے اعلامیے میں دیا گیا۔قومی اسمبلی کے رکن شاہ جی گل آفریدی نے اس اعلامیے کو پڑھتے ہوئے کہا کہ ’اگر اصلاحات مزید تاخیر کا شکار ہوئے تو فاٹا کے لوگوں کی آواز ایوانوں تک پہنچانے کے لیے اسلام آباد میں مارچ کا اعلان کیا جائے گا‘۔