اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت کی ایماءپر پاکستانی سرحد پر جارحیت کرکے معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کے بعد افغانستان نے پاکستانی سیکورٹی فورسز کی جانب سے ڈیورنڈ لائن کے قریب صوبہ قندھار کے ضلع سپین بولدک پر گولہ باری کا الزا م عائد کردیا اور پاکستانی ناظم الامور کی وزارت خارجہ طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کرایا ہے ۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز افغان بارڈر فورسز کی جانب سے پاکستان میں مردم شماری ٹیم کو نشانہ بنایا گیا تھا تاہم افغان فورسز کی فائرنگ اور گولہ باری سے 11 عام پاکستانی شہری شہید جب کہ 46 افراد زخمی ہوئے تھے جس کے بعد پاکستانی دفترخارجہ نے افغان ناظم الامور کو طلب کرکے شدید احتجاج کیا تھا جب کہ دونوں ممالک کے ڈی جی ایم اوز نے بھی ہاٹ لائن پر رابطہ کیا اورفائرنگ کا سلسلہ تھم گیا تاہم دونوں اطراف تاحال کشیدگی برقرار ہے اور سرحد پر سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لئے پاک فوج کے تازہ دم دستے بھی باب دوستی پر پہنچ چکے ہیں جب کہ پاک فوج کے 3 ہیلی کاپٹروں کے ذریعے سرحد کی فضائی نگرانی بھی کی جارہی ہے۔پاک افغان سرحد کے دونوں جانب فورسزمورچہ بند ہوگئے ہیں جب کہ سرحد سے ملحقہ 4 کلومیٹر کے علاقے کو نومین ایریا قرار دے دیا گیا ہے۔