لاہور(نیوزڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت آج یہاں اجلاس منعقد ہوا ،جس میں لاہور سمیت پنجاب میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ اور پولیس تجاوزات کیخلاف ضلعی حکومتوں کو آپریشن کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کریں ۔تجاوزات کے خلاف آپریشن سے قبل تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے ۔جامع پلان بنا کراس کا مکمل عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ
تجاوزات کیخلاف کارروائی کے دوران انصاف کے تقاضوں پورے کرینگے تو شہری آپ کو دعائیں دیں گے۔اس بات کو بھی یقینی بنانا ہوگا کہ تجاوز ات دوبارہ قائم نہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ تجاوزات کرنے والوں کے خلاف بلاامتیازکارروائی ہونی چاہیے۔تجاوزات جہاں شہروں کا حلیہ بگاڑتی ہیں وہاں ٹریفک کے مسائل بھی پیدا ہوتے ہیں ۔وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اس ضمن میں بھر پور آگاہی مہم بھی چلائی جائے اورتمام اقدامات انصاف کے تقاضوں کو مدنظر رکھ کر اٹھائے جائیں ۔