اسلام آباد (آئی این پی )تحریک انصاف نے ڈان لیکس کے معاملے کو پارلیمان میں زیر بحث لانے کے لیے قومی اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی ۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ڈان لیکس کی رپورٹ ایوان میں پیش کی جائے ۔منگل کو تحریک انصاف کے رکن اسمبلی مراد سعید نے قرارداد قومی اسمبلی سکریٹریٹ مین جمع کرائی اورتحریک انصاف نے مطالبہ کیاہے کہ اس قراردادپرسب سے پہلے بحث کرائی جائے ۔
قرارداد کے متن میں ڈان لیکس کی رپورٹ ایوان میں جمع کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وزارت داخلہ کوڈان لیکس کی رپورٹ فوری ایوان کے روبرو پیش کرنے کا پابند بنایا جائے۔پارلیمان بالادست ہے، حکومت عمل سے ثابت کرے۔اب تک حکومتی رویے اور طرز عمل سے پارلیمان کی ساکھ بری طرح متاثر ہوئی ہے، ۔پانامہ لیکس پر وزیر اعظم نے جھوٹ بول کر ایوان کا تقدس مجروح کیاہے۔