لاہور(این این آئی ) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی نے غیر قانونی طور پر گردے خریدنے والے دو غیر ملکیوں کوبھی حراست میں لیکر شامل تفتیش کرلیا ، آزاد کشمیر میں اعضاء کی پیوندکاری کاایکٹ نافذ نہ ہونے کے باعث کارروائی کیلئے وزارت داخلہ سے خصوصی اجازت لینے کافیصلہ کرلیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے ہفتہ کی رات نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے غیر قانونی طور پر گردوں کی پیوندکاری کروانے والے عمان کے دوشہریوں کو بھی حراست میں لیا ہے
جن سے سارے معاملات بارے پوچھ گیچھ کی جائے گی ۔ ایف آئی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر جمیل خان نے بتایا کہ ڈاکٹروں سے ملنے والی معلومات کے بعد تفتیش کا دائرہ کار وسیع کردیا ہے اور اسی تناظر میں گردے خریدنے والے عمان کے شہریوں کو بھی حراست میں لیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ آزاد کشمیر میں اعضاء کی پیوند کاری کے ایکٹ کا نفاذ نہیں ہوتا اس لئے وہاں کارروائی کیلئے وزارت داخلہ سے خصوصی اجازت لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔