اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)جی ایچ کیو کو پانامہ کیس فیصلے بارے پہلے سے آگاہی تھی اور جی ایچ کیو کی معلومات کے مطابق پانچ میں سے تین جج وزیراعظم کے خلاف فیصلہ دے رہے ہیں۔پانامہ فیصلے سے 24گھنـٹے قبل جی ایچ کیو کو معلوم پڑا کہ تین جج نہیں بلکہ دو جج فیصلہ دے رہے ہیں،
معروف کالم نگار و تجزیہ کار ہارون الرشید کا نجی ٹی وی پروگرام میں انکشاف۔تفصیلات کے مطابق معروف کالم نگار و تجزیہ کار ہارون الرشید نے نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ جی ایچ کیو کو پانامہ فیصلے سے قبل معلومات تھیں کہ تین جج نواز شریف کے خلاف فیصلہ دے رہے ہیں مگر فیصلے سے 24گھنٹے پہلے معلوم ہوا کہ تین نہیں بلکہ دو جج نواز شریف کے خلاف فیصلہ دیں گے ۔ہارون الرشید نے اس انکشاف بارے پروگرام میں شریک دیگر شرکا کے استفسار پر کہا کہ میں اس بارے میں زیادہ تفصیل میں جا کر نہیں بتا سکتاکیونکہ اس کھیل کے سب کھلاڑی ڈرے ہوئے ہیں، پروگرام میں شریک معروف صحافی سہیل وڑائچ نے پوچھا کہ ہارون الرشید کے انکشاف کے ذرائع عسکری تھے یا عدالتی جس پر ہارون الرشید کا کہنا تھا کہ یہ وہی ذرائع ہیں جنہوں نے مجھے بتایا تھا کہ عمران خان کے دھرنے کے دوران اس وقت کے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کوئی منفی کردار ادا نہیں کرینگے۔