اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان پیپلز پارٹی کاحکومت کو ٹف ٹائم دینے کیلئے قومی اسمبلی کا اجلاس دوبارہ بلانے کا فیصلہ ‘ پیپلز پارٹی نے قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کے لئے ریکوزیشن تیار کرلی‘اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ سمیت پیپلز پارٹی کے ارکان نے ریکوزیشن پر دستخط کردیئے ہیں، ریکوزیشن پیر کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرائی جائے گی‘ پیپلز پارٹی نے ریکوزیشن پر دستخط کے لئے دیگر اپوزیشن جماعتوں
سے بھی رابطے کرلئے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی نے وزیراعظم نواز شریف کے خلاف احتجاج ایوان میں کرنے کے لئے قومی اسمبلی کا اجلاس دوبارہ بلانے کے لئے ریکوزیشن تیار کرلی۔ ذرائع کے مطابق ریکوزیشن پر پیپلز پارٹی کے اسلام آباد میں موجود ارکان سمیت اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے دستخط کردیئے ہیں جبکہ دیگر پیپلز پارٹی ارکان کے دستخط پیر سے قبل کروا لئے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے قومی اسمبلی کا اجلاس دوبارہ بلانے کے لئے دیگر اپوزیشن جماعتوں سے بھی رابطے کرلئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق قومی وطن پارٹی‘ اے این پی‘ جماعت اسلامی‘ عوامی مسلم لیگ‘ پاکستان مسلم لیگ (ق) نے ریکوزیشن پر دستخط کرنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے جبکہ حزب اختلاف کی بڑی جماعت تحریک انصاف سے بھی ریکوزیشن پر دستخط کے لئے رابطہ کرلیا گیا ہے مگر تحریک انصاف نے تاحال ریکوزیشن پر دستخط کرنے کے حوالے سے کوئی جواب نہیں دیا۔ واضح رہے کہ قومی اسمبلی کا اجلاس جمعہ کو 2ہفتے جاری رہنے کے بعد غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دیا گیا تھا۔