اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )قائمہ کمیٹی اجلاس میں متحدہ قومی موومنٹ کے سینیٹر میاں عتیق نے جھنگ کے عطائی ڈاکٹر کی تصاویر دکھا کر سب کو حیران کر دیا جس میں وہ بنیان پہن کر خاتون کا آپریشن کر تا دیکھا جا سکتا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق قائمہ کمیٹی کا اجلاس جاری تھا کہ اچانک متحدہ قومی موومنٹ کے سینیٹرمیاں عتیق نے اپنے موبائل میں محفوظ جھنگ کے الفلاح ہسپتال کے ایک ڈاکٹر کی تصاویر دکھانا شروع
کر دیں جس میں وہ بنیان پہن کر خاتون کا آپریشن کر رہا ہے ۔ آپریشن کے دوران ڈاکٹر نے نہ فیس ماسک پہن رکھا ہے اور نہ ہی آپریشن تھیٹر میں صفائی ستھرائی کے انتظامات تھے جنہیں دیکھ کر ارکان کمیٹی ہکا بکا رہ گئے۔سینیٹر میاں عتیق نے تصاویر دکھانے کے بعد کہا کہ یہ ڈاکٹر جھنگ کے الفلاح ہسپتال میں پریکٹس کرتا ہے ۔ انہوں نے پیشہ وارانہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر مذکورہ ڈاکٹر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی کیا۔ قائمہ کمیٹی اجلاس میں متحدہ سینیٹر کی جانب سے عطائی ڈاکٹر کی تصاویر سامنے آنے پر وزیر صحت پنجاب خواجہ عمران نذیر کا کہناہے کہ متحدہ سینیٹر کی جانب سے قائمہ کمیٹی اجلاس میں دکھائی جانے والی تصاویر پرانی ہیں ، مذکورہ ڈاکٹر کو پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے ۔