راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کی میڈیا بریفنگ کے دوران حیدر آباد کی لیاقت یونیورسٹی سے گمشدہ طالبہ نورین لغاری کا بیان بھی دکھایا گیا جس میں اس نے بتایا کہ اسے خودکش حملے کے لیے استعمال کیا جانا تھا۔نورین کے شام جانے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا تھا تاہم گزشتہ روز لاہور میں ہونے والی ایک چھاپہ مار کارروائی کے دوران فورسز نے اسے برآمد کرلیا۔آئی ایس پی آر کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور کی میڈیا بریفنگ
کے دوران انہوں نے نورین کی ایک ویڈیو دکھائی جس میں سیکیورٹی فورسز کی تحویل میں آنے کے بعد اس کا دیا ہوا بیان تھا۔بیان میں نورین نے بتایا کہ اسے خودکش حملے کے لیے استعمال کیا جانا تھا لیکن فورسز نے کارروائی کر کے اسے بازیاب کروایا۔ویڈیو کے بعد میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ دہشت گرد بچوں کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے عندیہ دیا کہ نورین کی ری ہیبلی ٹیشن کی جائے گی جس کے بعد اسے اس کے اہل خانہ سے ملوا دیا جائے گا۔