کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلزپارٹی کے چیرمین آصف علی زرداری کی صاحبزادی آصفہ بھٹوزرداری نے قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران خواتین سے مذاق کرنے پراپوزیشن لیڈرسید خورشید شاہ کومشورہ دیاہے کہ وہ اس معاملے پرمعافی مانگیں۔سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئٹر پرآصفہ بھٹونے اپنے ایک پیغام میں کہاکہ خواتین سے متعلق پارلیمنٹ میں بار بار بیانات دیئے جاتے ہیں خواتین کے خلاف نازیبا الفاظ برداشت نہیں کئے
جاسکتے اوروہ امیدکرتی ہیں کہ خورشید شاہ میرے مشورے پرعمل کریں گے۔واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں جب اپوزیشن لیڈرسیدخورشید جب سندھ میں لوڈشیڈنگ کے حوالے سے بول رہے تھے کہ ا س دوران ایوان میں خواتین کی آوازیں زیادہ بلند ہوئیں تو اسپیکر سردار ایاز صادق نے خواتین ارکان سے کہا کہ وہ باتیں نہ کریں اور اگر باتیں کرنی ہی ہیں تو باہر جا کر کر لیں ۔اس صورتحال پر اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے ازراہ مذاق کہا کہ سپیکر صاحب! آپ خواتین کوباتیں کرنے سے منع نہ کیا کریں ورنہ وہ بیمار ہو جائیں گی،خورشید شاہ کے جملے پہ ایوان میںقہقہے بلند ہو گئے جبکہ کچھ خواتین ارکان نے بھی جملے کسے۔خورشید شاہ نے مزید کہا کہ ان کو بولنے سے منع کیا تو ہمارے لئے عذاب بنے گا۔ اس پر اسپیکر نے کہا کہ شاہ صاحب اپنے گھر کا تجربہ بتا رہے ہیں۔ قومی اسمبلی میں ہلکے پھلکے انداز میں ہونے والی یہ گفتگو آصفہ بھٹو نے برامنایاہے اور انہوں نے اپنے ایک پیغام میں پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ کے جملوں کونامناسب قراردیتے ہوئے کہا کہ ایسا کئی بارہوچکا ،ایسے جملے برداشت نہیں کیے جائیں گے ۔آصفہ بھٹونے کہاکہ پارلیمنٹ معاشرے کے لئے ایک نمونہ ہے اور اگر خواتین کے خلاف پارلیمنٹ میں ایسے جملے ادا کیے جاتے رہے تواس کی عکاسی معاشرےمیں بھی ہوگی؟