اسلام آباد ( آئی این پی ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت نے ڈان لیکس پر جو کچھ کیا اس کا اثر پانامہ فیصلے میں آئے گا ، پانامہ لیکس کا فیصلہ فوج سب سے قبول کرائے گی ، جس عمر میں ہم فیل ہوتے تھے اس عمر میں حکمرانوں کے بچے ارب پتی بنتے تھے ، قطری شہزادے کے خط کا آنا نواز شریف کی سیاسی موت ہے ، پانامہ لیکس کا فیصلہ پاکستان کی تاریخ بدل کر رکھ دے گا ۔
وہ بدھ کو نجی ٹی وی کو انٹرویو دے رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کا کوئی قانون قطری خط کو قبول نہیں کر سکتا ۔ قطری شہزادے کے خط کا آنا وزیر اعظم نواز شریف کی سیاسی موت ہے ۔ حکمران ہمارے ملک کو ایسٹ انڈیا بنا رہے ہیں ۔ چور اب زیادہ دیر چوہدراہٹ دکھا نہیں سکتے ۔ سپریم کورٹ سالوں یاد رکھا جانے والا فیصلہ دے گی۔ انہوں نے کہا کہ جس عمر میں ہم فیل ہوتے تھے اس عمر میں حکمرانوں کے بچے ارب پتی بنتے تھے ۔ وزیر اعظم کے بچے ہندوستانیوں سے تجارتی تعلقات رکھتے ہیں ۔ کلبھوشن کے معاملے پر وزیر دفاع تو بول رہا ہے مگر نواز شریف خاموش ہے ۔ اجمل قصاب سے متعلق معلومات بھی نواز شریف نے میڈیا کو دی تھیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے میرٹ پر آج تک کوئی افسر نہیں لگایا ۔ محمد زبیر کی کیا اہلیت تھی کہ انہیں گورنر سندھ لگا دیا گیا وہ کونسلر بھی منتخب ہو جائے تو میں سیاست چھوڑ دونگا ۔ فوجی عدالتوں کے معاملے پر آصف علی زرداری کے نو نکات اب کہاں گئے ۔ راحیل شریف کا آخری فیصلہ تھا کہ آصف زرداری واپس نہ آئے ۔ راحیل شریف حقیقت میں ایک سادہ جرنیل تھے ۔ انہوں نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ کا بحران (ن) لیگ کی حکومت میں ختم نہ ہو سکا ۔ اس وقت کوئی بھی قوم کی آواز سننے کو تیار نہیں ہے ۔ حکومت نے ڈان لیکس پر جو کچھ کیا اس کا اثر پانامہ فیصلے میں آئے گا ، پانامہ لیکس کا فیصلہ فوج سب سے قبول کرائے گی۔