اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان پیپلزپارٹی نے پریس کے کچھ حصوں میںآنے والے اس خبر کی سختی سے تردید کی ہے کہ پارٹی نے آئندہ انتخابات کے لئے کسی پارٹی سے انتخابی اتحاد کر لیا ہے۔ ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے پارٹی کے ترجمان سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ نہ تو کسی پارٹی سے انتخابی اتحادہوا ہے اور نہ ہی ایسی کوئی بات زیرغور آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی اتحاد اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ وغیرہ عام طور پر انتخابات
کے موقع پر سیاسی پارٹیوں کے درمیان ہوتا ہے اور اس میں کوئی غیرمعمولی بات نہیں تاہم اس بات کے لئے ابھی موقع نہیں آیا اور نہ ہی پیپلزپارٹی نے اس بارے میں کوئی غوروخوص کیا ہے۔ پارٹی رہنمائی کے لئے اپنے منشور، بنیادی مسائل پر عالمی تناظر اور ورکرز کی امیدوں اور آرزوؤں کے مطابق مناسب فیصلہ وقت آنے پر کرے گی۔ ۔فرحت اللہ بابرنے کہاکہ پیپلزپارٹی عوام کی مرضی کے مطابق ہی انتخابی امیدوارمیدان میں لے گی ۔