چکوال(آئی این پی )سابق رکن قومی اسمبلی سردار فیض ٹمن نے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے پی پی23میں مسلم لیگ ن کے امیدوار شہریار اعوان کی حمایت کا بھی اعلان کر دیا۔
یہ اعلان انہوں نے جمعرات کو سابق وفاقی وزیر اور چیئر پرسن ضلع کونسل خوشاب محترمہ سمیرا ملک سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر سردار فیض ٹمن نے مسلم لیگ ن کے نامزد امیدوار ملک شہر یار اعوان کی حمایت اور مسلم لیگ ن میں شمولیت اعلان کیا ۔ سردار فیض ٹمن کی حمایت سے ملک شہر یار اعوان کی پوزیشن مزید بہتر ہو گئی ہے سردار فیض ٹمن نے 2002ء کے الیکشن میں آزاد امیدوار کی حیثیت سے ایک لاکھ سے زائد ووٹ لے کر ایم این اے کا الیکشن جیتا تھا اور پھر 2008ء میں مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر سردار فیض ٹمن نے چوہدری پرویز الٰہی کو شکست دی تھی۔ 2010میں بی اے کی ڈگری تنازعہ میں اپنی نشست سے مستعفی ہوگئے تھے اور بعد ازاں پی ٹی آئی میں بھی شامل رہے۔ چیئر پرسن سمیر ا ملک نے سردار فیض ٹمن کا شکریہ ادا کیا ۔ سمیرا ملک نے کہا کہ چکوال مسلم لیگ ن کا قلعہ ہے انشاء اللہ 18اپریل کو شیر بھر پور طریقے سے دھاڑے گا اور ملک شہریار اعوان بھاری اکثریت سے کامیاب ہونگے۔