اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کے آئندہ الیکشن میڈ اِن پاکستان ہونگے، برطانیہ ، امریکہ سمیت کوئی دوسرا ملک اثر انداز نہیں ہو سکے گا، مائنس فورکی گونج سنائی دے رہی ہے۔سینئر صحافی و تجزیہ کار ڈاکٹر شاہد مسعود کا نجی ٹی وی پروگرام میں انکشاف۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی و تجزیہ کار ڈاکٹر شاہد مسعود کا کہنا تھا کہپاکستان کے آئندہ الیکشن مکمل طور پر میڈاِن پاکستان ہونگے، حکومتیں پاکستان میں ہی بنیں گی اور برطانیہ ، امریکہ سمیت کوئی دوسرا ملک الیکشن اور حکومت سازی پر اثر انداز نہیں ہو سکے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سے باہر مائنس تھری فارمولے کی گونج سنائی دے رہی ہے جو کہ پیپلزپارٹی بغیر آصف زرداری، نواز لیگ بغیر میاں نواز شریف اور ایم کیو ایم بغیر الطاف حسین فارمولا ہے جو کہ مائنس فور یعنی تحریک انصاف بغیر عمران خان بھی ہو سکتا ہے ۔ تحریک انصاف بغیر عمران خان فارمولے سے متعلق استفسار پر ڈاکٹر شاہد مسعود کا کہنا تھا کہ ہو سکتا ہے کہ عمران خان کو الیکشن کمیشن کے ذریعے نا اہل قرار دلوا دیا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ 2006میںمشرف کے دورہ امریکہ کے موقع پر میں نے واشنگٹن میں مشرف حکومت کے خلاف چہ میگوئیاں سن لی تھیں جس کا ذکر میں نے اس وقت کے وزیر اطلاعات و نشریات محمد علی درانی اور وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات طارق عظیم سے بھی کیا تھا۔ میں نے انہیں کہا تھا کہ میں نے باہر سنا ہے مشرف امریکہ تعلقات خراب ہو چکے ہیں جس پر دونوں حضرات نے لا علمی کا اظہارکیا تھا لیکن بعد کے حالات نے میری خبر اور پیش گوئی کو درست ثابت کیا۔