اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی آڑ میں پاکستان میں تباہی کے منصوبے کا انکشاف، حساس اداروں نے دو اہم افراد کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق حساس اداروں اور سی ٹی ڈی کی مشترکہ کارروائی میں افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی آڑ میں پاکستان میں تباہی کیلئے بارود لانے والے وزیرستان وانا کے دو ٹرک ڈرائیورز سخی بادشاہ اور
رسول نواز کو صادق آباد سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ٹرک ڈرائیور افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی آڑ میں کافی عرصے سے پاکستان میں باروداور دھماکہ خیز مواد لا کر دہشتگردوں کو فراہم کرتے رہے ہیں جو دہشتگردی میں استعمال کیا جاتا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ دونوں ٹرک ڈرائیوروں کے افغانستان میں موجود دہشتگردوں سے گہرے روابط ہیں۔ ابتدائی تفتیش میںگرفتار ٹرک ڈرائیوروں نے اس مکروہ دھندے کی تفصیلات اگل دی ہیں ۔ ذرائع ٹرک ڈرائیوروں کی اس گرفتاری کو اہم قرار دے رہے ہیں جن سے پاکستان میں موجود دہشت گرد اور ان کے سہولت کاروں نہ صرف بے نقاب ہوں گے بلکہ انہیں ان کے انجام تک پہنچانے میں بھی مدد ملے گی۔