اسلام آباد(آن لائن)سابق صدر اورآل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ پرویز مشرف نے کہا ہے کہ آپریشن ردالفساد شروع کرنے کا اعلان کر کے پاک فوج نے قوم کو تحفظ کا احساس دلایا ہے۔ملک کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لئے سیاسی قیادت کو اپنی مصلحتیں قربان کرنا ہوں گی،دشمن کی چالوں کو سمجھتے ہوئے ان کا توڑ کرنا ہوگا. ڈیفنس لاہور میں ہونے والے دھماکے میں جانی و مالی نقصان پر شدید دکھ ہوا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کیا۔انہوں نے ڈیفنس میں ہونے والے خود کش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک سے
دہشت گردی کے خاتمے کے لئے سیاسی قیادت کو بھی اپنا کردارادا کرتے ہوئے مصلحت پسندی ترک کرنا ہوگی۔دہشت گردوں کے ساتھ ساتھ ان کے سہولت کاروں کو بھی کیفرکردار تک پہنچائے بغیر اہداف کا حصول ناممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں آپریشن ردلفساد شروع کرنے کے اعلان سے قوم میں امید جاگی ہے۔ سیاسی قوتوں کو ملک میں قیام امن کے لئے افواج پاکستان کے ہاتھ مضبوط کرنے چاہئیں۔انہوں نے ڈیفنس میں خود کش دھماکے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج اور شہداءکے لواحقین اور زخمیوں سے گہری ہمدردی کا اظہار کیا ۔