لاہور(آن لائن ) علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ کے اطراف سے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ڈولفن سکواڈ نے حکمت اللہ نامی مبینہ دہشتگرد کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے یو ایس بی، ممنوعہ مذہبی لٹریچر سمیت دیگر دستاویزات برآمد ہوئی ہیں مبینہ دہشتگرد کا تعلق قلع عبداللہ چمن سے بتایا جاتا ہے۔ حساس اداروں نے مبینہ دہشتگرد کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز ڈیفنس کے علاقے زیڈ بلا ک کی مارکیٹ میں ہونے والے دھماکہ کے بعد پورے علاقے میں سکیورٹی انتظامات کو انتہائی سخت کرتے ہوئے ہر آنے جانے والے شخص کی بھرپور چیکنگ کی گئی۔
ائرپورٹ کے قریب حکمت اللہ نامی مبینہ دہشت گرد کی تلاشی لی گئی تو اُس کے قبضہ سے یو ایس بی، مذہبی لٹریچر اور ایسی دستاویزات برآمد ہوئیں جن کو کوڈز کے ذریعے پڑھا جا سکتا ہے۔ حساس اداروں اور ڈولفن سکواڈ نے ہر وقت کارروائی کرتے ہوئے مبینہ دہشت گرد کو گرفتار کیا ہے۔ ابتدائی تفتیش میں حکمت اللہ نامی مبینہ دہشت گرد نے بتایا ہے کہ وہ ایڈن سوسائٹی کا رہائش پذیر ہے جبکہ مبینہ دہشت گرد کے قبضے سے حاصل ہونے والے دستاویزات کے مطابق اُس کا تعلق قلعہ عبداللہ چمن سے بتایا جاتا ہے۔ حساس اداروں نے مبینہ دہشت گرد کو حراست میں لے کر تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔