اسلام آباد(این این آئی)پاکستان نے اطالوی کمپنی کو اضافی آگسٹا اے ڈبلیو 139 ہیلی کاپٹرز کی خریدار کا آرڈر دے دیا تاہم یہ بات واضح نہیں کہ کتنے ہیلی کاپٹرز خریدے جائیں گے۔اطالوی ایرواسپیس و دفاعی کمپنی لیونارڈو فن مکینیکا نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پاکستان کی جانب سے آگسٹا ویسٹ لینڈ اے ڈبلیو 139 انٹرمیڈیٹ ٹوئن انجن ہیلی کاپٹرز کی خریداری کا آرڈر دیا ہے۔رپورٹ کے مطابق نئے ہیلی کاپٹرز کی خریداری
کا آرڈر وزارت دفاع کی جانب سے دیا گیا ہے۔ان ہیلی کاپٹرز کو سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن اور ایمرجنسی میڈیکل سروس کے لیے استعمال کیے جانے کا امکان ہے۔کمپنی کے مطابق ان ہیلی کاپٹرز کی پاکستان کو فراہمی کا آغاز 2017 کے وسط میں ہونے کی توقع ہے۔لیونارڈو کے مطابق ‘اے ڈبلیو 139 ہیلی کاپٹرز پاکستان کے آپریشنل ماحول کے لیے انتہائی موزوں ہیں اور جو کارکردگی یہ ہیلی کاپٹرز دکھا سکتے ہیں وہ اس طرح کے دیگر ہیلی کاپٹرز نہیں کرسکتے۔واضح رہے کہ اس سلسلے میں مئی 2016 میں معاہدہ طے پایا تھا اور اس وقت ہیلی کاپٹرز کی خریداری کا ابتدائی آرڈر دیا گیا تھا تاہم خریدے جانے والے ہیلی کاپٹرز کی تعداد اس وقت بھی منظر عام پر نہیں لائی گئی تھی۔پاکستان کی جانب سے کیا جانے والا یہ معاہدہ پاکستانی فضائی بیڑے کی تجدید کے پروگرام کا حصہ تھا جو کہ کئی مراحل پر مشتمل ہے اور اس میں لاجسٹکس سپورٹ اور ٹریننگ پیکج بھی شامل ہے۔اس وقت پاکستان میں 11 اے ڈبلیو 139 ہیلی کاپٹرز آپریشنل ہیں جن میں سے 5 سول پروٹیکشن اور ٹرانسپورٹ کے لیے استعمال کیے جارہے ہیں۔