اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ پر بھارتی پیٹ میں اٹھنے والے مروڑ سامنے آگئےبھارتی سیکرٹری خارجہ جے شنکر چینی ہم منصب سے ملاقات میں سی پیک منصوبے کا رونا روتے رہے۔تفصیلات کے مطابق بھارت اور چین کے سیکرٹری خارجہ کے درمیان بیجنگ میں ہونےوالی ملاقات میں سی پیک منصوبے پر خصوصی
طور پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں بھارتی سیکرٹری خارجہ جے شنکر نے اپنے چینی ہم منصب کو پاک چین اقتصادی راہداری پر بھارتی تحفظات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ چین کا 46ارب ڈالر کا سی پیک منصوبہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر سے گزر رہا ہے جو کہ بھارتی خودمختاری کے خلاف ہے۔چینی سیکرٹری خارجہ وانگ ژی نے بھارتی سیکرٹری خارجہ کو رواں سال بیجنگ میں ہونے والے’’سلک روڈ سمٹ ‘‘سربراہی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی تاہم بھارتی سیکرٹری خارجہ نے سی پیک کو ہی ہدف تنقید بناتے ہوئے اپنے چینی ہم منصب کو ’’سلک روڈ سمٹ ‘‘میں بھارتی شرکت کو سی پیک منصوبے سے مشروط قراردیا۔ان کا کہنا تھا کہ چین اپنی آزادی اور خودمختاری کے حوالے سے حساس ملک جانا جاتا ہے اس لئے اسے سمجھنا ہو گا کہ بھارت کی خودمختاری کی خلاف ورزی کی صورت میں وہ کیسے ’’سلک روڈ سمٹ‘‘کی سربراہی کانفرنس میں شرکت کر سکتا ہے جس پر چین کی طرف سے ابھی خاموشی دیکھنے میں آرہی ہے ۔