راولپنڈی (آن لائن) پاک فوج کا ملک بھر میں آپریشن ’’رد الفساد‘‘ کا آغاز فسادیوں کے گرد گھیرا تنگ کر دیا گیا۔ راولپنڈی میں پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے آپریشن رد الفساد‘ کا آغاز کرتے ہوئے 11 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا جبکہ ڈھوک حسو سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔آپریشن کےدوران قبائلی علاقوں سے آئے افراد کا ڈیٹا بھی اکٹھا کیا گیا۔ چنیوٹ میں پولیس اور ایلیٹ فورس کے سرچ آپریشن میں 38 افراد گرفتار کر لیا
گیا جبکہ 276 مشکوک افراد کی بائیومیٹرک ڈیوائس سے چیکنگ کی گئی۔ ناجائز اسلحہ اور منشیات برآمد ہونے پر چار ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ واضح رہے گزشتہ روز پاک فوج کی جانب سے ملک بھر آپریشن ‘ رَدُّالفَسَاد ‘ شروع کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔آپریشن کا مقصد ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہے اور اب تک کی کامیابیوں کو مستحکم بنانا اور دہشت گردوں کا بلاتفریق خاتمہ ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا اور یہ آپریشن ملک بھر میں ہو گا جس میں فضائیہ اور بحریہ بھی شامل ہوں گی۔پنجاب میں رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی آپریشن میں حصہ لیں گے۔ موجودہ آپریشن جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ بارڈر مینجمنٹ پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ ملک بھر میں غیر قانونی اسلحہ و گولہ بارود کی روک تھام کا عمل بھی آپریشن کا حصہ ہو گا۔