اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ممکنہ دہشتگردی کے پیش نظر پاک فوج اور رینجرز نے اڈیالہ جیل کا کنٹرول سنبھال لیا۔تین کلو میٹر تک نگران کیمرے نصب کر کے مانیٹرنگ شروع کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں ممکنہ دہشتگرد حملے کے پیش اڈیالہ جیل کی سکیورٹی اور کنٹرول پاک فوج اور رینجرز نے سنبھال لیا ہے .جھنگی سیداں اور اس کے اطراف کے پہاڑوں پر پولیس چیک پوسٹیںقائم کر کے 3کلومیٹر تک سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی شروع کر دی گئی ہے۔
جیل حکام کے مطابق جیل کے اندر مانیٹرنگ کیلئے کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے جس میں پولیس، رینجرز اور پاک فوج کے جوان خدمات سر انجام دے رہے ہیں جبکہ جیل میں قید دہشتگردوں کو الگ بیرکوں میں منتقل کر کے ان کی نقل و حرکت کو محدود کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جیل کے اطراف میں کسی بھی خطرے کے پیش نظر سرچ آپریشن اور فوری جوابی کارروائی کیلئے 50سے زائد پولیس کے جدید اسلحے سے لیس چاک و چوبند جوان تعینات ہیں اس کے علاوہ کسی بھی ہنگامی صورتحال پر پندرہ منٹ میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے بھی فضائی مدد حاصل کی جا سکے گی۔ پاک فوج اور رینجرز کے دستے 200جوانوں پر مشتمل ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل ناقص سکیورٹی کے باعث بنوں جیل پر دہشتگردوں نے حملہ کر کے جیل توڑ کر انتہائی اہم اور خطرناک دہشتگردوں کو رہا کروا لیا تھا۔