کراچی(این این آئی)پاکستان اور یوکرین میں دفاعی شعبے میں مفاہمت کی یاداشت پر دستخط ہوگئے ہیں۔ پاکستان اب یوکرین کے تعاون سے الخالد ٹینک مکمل طور پر پاکستان میں تیار کرسکے گا۔اس ضمن میں تقریب ابوظہبی میں منعقد ہوئی پاکستان کی طرف سے وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین اور یوکرین کی وزرات دفاع کے ڈائریکٹر جنرل
رومون رومانوے نے دستخط کیے۔اس موقع پر چیئرمین ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا لیفٹیننٹ جنرل محمد نعیم اشرف اور دیگر پاکستانی دفاعی حکام بھی موجودتھے۔ایم او یوز کے مطابق پاکستان اور یوکرین ٹینکس کی پروڈکشن ، ری بلڈنگ اور موڈی فکیشن پر تعاون کریں گے۔وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویرحسین نے اس ضمن میں بتایاکہ الخالد ٹینک یوکرین کے تعاون سے تیار ہوتا رہا ہے، اب یوکرین کے ساتھ مفاہمت کی یاداشت پر دستخط سے مستقبل میں الخالد ٹینک کے انجن اور اس پارٹس کی تیاری کی ٹیکنالوجی پاکستان منتقل کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور یوکرین میں دفاعی شعبوں میں تعاون سے علاقائی سلامتی کے لئے انتہائی اہم ہے۔