اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف میں بغاوت پھوٹ پڑی ،رکن صوبائی اسمبلی محمود جان احتجاجاََ مستعفی، استعفیٰ اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی اسد قیصر کو بھجوا دیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رکن خیبرپختونخوا اسمبلی محمود جان اپنی پارٹی کی حکومت کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے،
احتجاجاََ استعفیٰ سپیکر صوبائی اسمبلی کو بھجوا دیا ہے۔رکن صوبائی اسمبلی نے استعفیٰ میں موقف اختیار کیا ہے کہتحریک انصاف کی حکومت میں اتحادی جماعت اسلامی کے سابق صوبائی وزیر ان کے حلقے میں مداخلت کرتے ہوئے جاری ترقیاتی کاموں اور دیگر امور میں رخنہ ڈال رہے ہیں جس کی وجہ سے وہ احتجاجاََ استعفیٰ دے رہے ہیں۔جبکہ صوبائی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر محمود جان نے اظہارخیال کرتے ہوئےترقیاتی کاموں، بھرتیوں اوردوسرے سرکاری منصوبوں میں نظراندازکیے جانے پراحتجاج کیا اورکہا کہ چند وزراءمزے کررہے ہیں جبکہ کارکنوں کو انصاف نہیں مل رہا۔واضح رہے کہ خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف اکثریتی اور حکومتی جماعت ہے تاہم تحریک انـصاف کی صوبائی حکومت میں جماعت اسلامی اور قومی وطن پارٹی کے وزراء بھی شامل ہیں۔ اس سے قبل قومی وطن پارٹی کے ساتھ تحریک انصاف کے اختلافات سامنے آچکے ہیں جبکہ اب جماعت اسلامی کے ساتھ اختلافات سامنے آرہے ہیں۔ ان اختلافات پر صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اختلافات انفرادی حیثیت کے علاقائی سطح کے ہیں جنہیں جلد حل کر لیا جائے گا۔