کراچی(این این آئی) پی آئی اے کے پائلٹ نے ایئر ہوسٹس کیلئے مختص نشستوں پر مسافروں کو بٹھا لیا، مسافروں کو کراچی سے مدینہ کیلئے سفر کرایا گیا، معاملے کی تحقیقات کیلئے کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق باکمال لوگوں کی لاجواب سروس کا ایک اور کارنامہ سامنے آیا ہے، پی آئی اے کے پائلٹ نے عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے فضائی میزبانوں کے لئے مختص نشستوں پر
مسافروں کو سفر کرا ڈالا، کپتان انورعادل 4 افراد کو جمپ سیٹ اور 2 کو کاک پٹ میں بٹھاکر لے گیا۔ذرائع کے مطابق کیپٹن انورعادل نے مسافروں کو کراچی سے مدینہ کے لئے سفر کرایا، جہاز کے جمپ سیٹ پر صرف کیبن کریو کے بیٹھنے کی اجازت ہوتی ہے جبکہ خاص تعداد سے زائد مسافروں کی جمپ سیٹ پر موجودگی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔نشستوں کی دستیابی کی صورت میں اضافی مسافر پرواز پر لئے جاتے ہیں، ذرائع نے بتایا کہ عملے کے انکار پر کپتان نے پرواز نمبر 743 پر مسافروں کو لینے کے لئے اختیارات استعمال کئے۔ اطلاع ملنے پر معاملے کی تحقیقات کے لئے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے کمیٹی قائم کر دی ، کپتان اورفرسٹ افسرعدیل حامد کیخلاف تحقیقات کاحکم دے دیا گیاہے۔اس ضمن میںترجمان پی آئی اے دانیال گیلانی نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، ذمہ داران کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کی جائے گی۔