اسلام آباد (آئی این پی )پاکستان تحریک انصاف نے وفاقی وزیر داخلہ کے نام کھلا خط ارسال کر دیا ”ڈان لیکس” پر تحقیقاتی کمیشن کی رپورٹ منظر عام پر لانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو پاکستان تحریک انصاف نے وفاقی وزیر داخلہ کے نام کھلا خط ارسال کر دیاجو مرکزی سیکرٹری اطلاعات و ترجمان نعیم الحق کی جانب سے تحریر کیا گیاہے۔خط میں ”ڈان لیکس” پر تحقیقاتی کمیشن کی رپورٹ منظر
عام پر لانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ خط کے متن کے مطابق نعیم الحق نے کہا ہے کہ رپورٹ شائع نہ کی گئی تو سمجھیں گے کہ پانامہ کی طرح افواج پاکستان پر رکیک حملوں میں وزیراعظم مرکزی مجرم ہیں۔قومی مجرموں کو بچانے کی غیر اخلاقی کوششوں سے قومی یکجہتی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔رپورٹ دبائی گئی تو افواج پاکستان اور اس کے جوانوں کے دلوں میں موجود شبہات مزید پختہ ہونے کا امکان ہے۔ نعیم الحق نے یہ بھی لکھا ہے کہ تحریک انصاف قومی یکجہتی کے خلاف کسی قسم کا اقدام قبول نہیں کریگی۔افواج پاکستان کے خلاف کی گئی شر انگیزی کسی طور طاق نسیاں کی نذر نہیں ہونے دینگے۔ حکومت سے جواب طلبی کا آئینی، قومی اور جمہوری فریضہ سرانجام دیتے رہینگے۔نعیم الحق نے دہشتگردی کے حوالے سے لکھا ہے کہ دہشتگردی کے تدارک میں حکومت کی کارکردگی زیادہ متاثر کن نہیں۔حکومت کے ہاتھوں آئین ، قانون اور جمہوری اقدار کے خون سے قوم گہری تشویش میں مبتلا ہے۔آئین پاکستان عوام کو معلومات تک رسائی کی ضمانت دیتا ہے جبکہ حکومت آئین کی رو کو پامال کرتے ہوئے عوام کو لاعلم رکھنے پر بضد ہے۔ گزشتہ برس اکتوبر میں افواج پاکستان پر کیچڑ اچھالنے کیلئے انگریزی روزنامے کے صفحہ اول کو نفرت انگیز مواد سے بھرا گیا۔ حکومت نے متنازعہ خبر کی اشاعت کا معاملے دبانے کی پوری کوشش کی۔
نعیم الحق نے وفاقی وزیر داخلہ کے نام لکھے جانے خط میں کہا کہ قوم کے شدید دبا پر ایسا کمیشن بنایا جس پر قوم کے تحفظات تھے۔ حکومت نے کمیشن کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ کو سانحہ ماڈل ٹان کی طرح دبانے کا فیصلہ کیا ہوا ہے۔قوم حکومت کے آمرانہ طرز فیصلہ سازی کو کسی طور قبول نہیں کرینگے۔