اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عمران اسماعیل نے وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ پر الزام عائد کیا ہے کہ ان کے کالعدم تنظیموں سے گہرے روابط ہیں۔نجی ٹی وی چینل ڈان کے پروگرام ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے عمران اسماعیل نے کہا ‘اس وقت پنجاب دہشت گردوں کی آماجگاہ بنا ہوا ہے اور ہر کوئی جانتا ہے کہ حکومتی وزراء کے ان کے ساتھ تعلقات ہیں،
جو انہیں اپنی گاڑیاں میں لے کر پھرتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا مطالبہ ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے نہ صرف پنجاب، بلکہ پورے پاکستان میں یکساں آپریشن ہونا چاہئے۔عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ انتخابات میں یہی وزراء ان کالعدم نتظیموں سے وابستہ دہشت گردوں کا نام تک لیتے ہیں، لہذا جب تک ان کے خلاف کارروائی نہیں ہوگی اس وقت تک امن قائم نہیں ہوسکتا۔اس سوال پر کہ کیا آپ کو نہیں لگتا کہ کرپشن کے ساتھ تمام جماعتوں کو دہشت گردی کے مسئلے پر بھی سنجیدگی سے آواز بلند کرنی چاہیے؟ پی ٹی آی رہنما نے جواب دیا کہ فوج اس وقت یہ کام نہایت عزم کے ساتھ سرانجام دے رہی ہے، لہذا سیاسی جماعت چاہے کوئی بھی ہو وہ اس سلسلے میں صرف اخلاقی تعاون کرسکتی ہے۔