اسلام آباد(آئی این پی )متحدہ عرب امارات میں پاکستان سفیر معظم احمد خان نے کہا ہے کہ خلیجی ریاستیں پاک چین اقتصادی راہداری سے مستفید ہو سکتی ہیں ۔معظم احمد خان نے ایک انٹرویو میں کہا کہ خلیجی ریاستیں سی پیک کا حصہ بنتے ہوئے استفادہ حاصل کر سکتی ہیں جس پر پاکستان کو بھی خوشی ہو گی ۔ راہداری منصوبہ عرب ریاستوں کے کا روباری طبقہ کیلئے سرمایہ کاری کا ایک بہترین موقع ہے ۔انہوں نے کہا راہداری منصوبہ
کے تحت چین کے ساتھ تجارتی راہداری کا موجودہ فاصلہ انتہائی کم رہ جائے گا ۔ فی الوقت چین کیساتھ تجارت کیلئے عرب ریاستوں کو 13ہزار کلومیٹر کا فاصلہ تجارت کیلئے استعمال کرنا پڑتا ہے تاہم سی پیک کے بعدیہ فاصلہ تین ہزار کلو میٹر رہ جائے گا ۔گوادر بندرگاہ اور سی پیک کی مغربی راہداری خطے میں تجارت کو فروغ دے گی ۔مزید برآں چین برآمد کئے جانے والے تیل کو گوادر میں محفوظ بھی کیا جا سکتا ہے ۔