اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)حکومت پنجاب کی مہنگے داموں ادویات خریداری بے نقاب، نجی ٹی وی نے’’ عجب کرپشن کی غضب کہانی‘‘کا بھانڈا پھوڑ ڈالا۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی ’’اب تک‘‘کے پروگرام ’’بے نقاب‘‘ میں اینکرپرسن صیفان خان نے پنجاب حکومت اور خیبرپختونخواہ حکومت کی ادویات خریداری کا تقابلی جائزہ پیش کرتے ہوئے پنجاب حکومت کی مہنگے داموں ادویات خریداری کے ذریعے کرپشن بے نقاب کر دی۔
پروگرام میں اینکرپرسن صیفان خان نے دعویٰ کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب حکومت ڈیکلوفینک سوڈیم کی ایک گولی 3.94روپے جبکہ خیبرپختونخواہ حکومت یہی گولی 0.31پیسے میں خریدتی ہے۔ اینکرپرسن نے مزید بتایا کہ پنجاب حکومت اومیوپرزول200گرام گولیوں کے ایک پتا 10.12روپے میں جبکہ خیبرپختونخواہ حکومت انہی گولیوں کاایک پتا 1.09پیسے میں خریدتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکریزائن گولی پنجاب حکومت 2.90روپے جبکہ خیبرپختونخواہ حکومت یہی گولی 0.32پیسے میں خریدتی ہے، اسی طرح ہیپاٹاٹئس سی کےمریضوں کو دی جانے والی گولی ’’سوفوس بووِر‘‘ پنجاب حکومت 54روپے جبکہ خیبرپختونخواہ حکومت یہی گولی 49روپے میں خریدتی ہے ۔اینکرپرسن نے ادویات کا تقابلی جائزہ پیش کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ پنجاب حکومت اور خیبرپختونخواہ حکومت کی ادویات خریداری میں 806فیصد کا حیران کن فرق ہے۔