کراچی(این این آئی)کراچی کے علاقے نمائش میں رہائشی عمارت کی پہلی منزل پر واقع فلیٹ میں آگ لگ گئی، جس پر قابو پالیا گیا ہے۔آتشزدگی سے قیمتی سامان جل کرخاکستر ہوگیاہے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہواہے۔متاثرہ فلیٹ پیپلز پارٹی کراچی کے رہنما سہیل انصاری کا ہے۔فلیٹ کے مالک سہیل انصاری نے الزام عائد کیا ہے کہ اسے دھمکیاں دی جارہی تھیں۔تفصیلات کے مطابق نمائش چورنگی کے قریب ایم اے جناح روڈ پررہائشی عمارت کے پہلی منزل پر واقع فلیٹ میں رات گئے اچانک آگ بھڑک اٹھی جس سے قیمتی سامان جل گیا ۔ اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کی 2گاڑیوں نے آگ پر قابو پالیا۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ لگنے سے فلیٹ میں موجود تمام سامان جل کر خاکستر ہوگیا ہے، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ فائر بریگیڈ حکام کا کا یہ بھی کہنا ہے کہ فلیٹ میں آگ لگنے کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکی۔عمارت کے مکینوں کے مطابق متاثرہ فلیٹ پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما سہیل انصاری کا ہے ۔ سہیل انصاری نامعلوم افراد کی دھمکیوں کی وجہ سے لاہور گئے ہوئے تھے ۔دوسری جانب فلیٹ کے مالک اور پیپلز پارٹی کے سابق رہنما سہیل انصاری کا کہنا ہے کہ اسے کافی عرصے سے دھمکیاں مل رہی تھیں، جس کے باعث وہ شہر چھوڑ کر چلے گئے تھے۔ ان کا کہنا ہے کہ دھمکیوں کے حوالے سے پولیس میں رپورٹ نہیں کیا تھا۔