اسلام آباد(آئی این پی)قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی نے آزاد رکن جمشید دستی کے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف اشتعال انگیز الفاظ حذف کروا دئیے۔ ڈپٹی سپیکر نے واضح کیا کہ یہ اسلامی پاکستان کی پارلیمنٹ ہے جہاں سے کسی لیڈر کے خلاف ایسے الفاظ استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
جمشید دستی نے کہاکہ ہم نریندر مودی کو لیڈر تسلیم نہیں کرتے۔ اس نے بنگلہ دیش میں پاکستان کو توڑنے کا برملا اعتراف کیا، وہ مسلمانوں کا قاتل ہے۔ وہ پیر کو قومی اسمبلی میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بحث کے دوران اظہار خیال کررہے تھے ۔ جمشید دستی نے کہاکہ قومی اسمبلی پر اربوں روپے کے اخراجات ہوتے ہیں اگر کشمیر پر اس قرار داد پر عملدرآمد نہیں ہوتا تو اس کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔ میں نے قومی اسمبلی کی قرار داد پر عملدرآمد ہونے کے بارے میں سوال جمع کروایا تھا کوئی جواب نہیں آیا۔ جمشید دستی نے بھارتی وزیر اعظم کے خلاف انتہائی پر جوش تقریر کرتے ہوئے جذبات میں نریندر مودی کو غیرت سے عاری قرار دیااور فاضل رکن نے نریندر مودی کیلئے جو انتہائی سخت الفاظ استعمال کئے تھے ڈپٹی سپیکر نے آبزرویشن دیتے ہوئے وہ الفاظ حذف کرا دئیے کہ پاکستان ایک اسلامی ملک ہے کسی لیڈر کیلئے ایسے الفاظ استعمال کرنا پارلیمنٹ کے شایان شان نہیں ہے