اسلام آباد (آئی این پی )تحریک انصاف نے نیوز لیکس تحقیقاتی کمیشن کی رپورٹ منظر عام پر لانے کا مطالبہ کر تے ہوئے کہا ہے کہ قوم اپنی افواج کیخلاف سازش کرنے والے عناصر کے بارے میں جاننا چاہتی ہے۔جمعہ کونیوز لیکس پر تبصرہ کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و مرکزی ترجمان نعیم الحق نے کہا کہ تحقیقاتی کمیشن کی رپورٹ خفیہ رکھنے کے فیصلے کے پیچھے کارفرما عوامل سے بخوبی واقف ہیں۔
وزیر اعظم کی ہدایات اور منظوری کے بغیر رپورٹ دبانا کسی کیلئے ممکن نہیں۔یوں محسوس ہوتا ہے کہ وزیر اعظم رپورٹ کا اجرا کو اپنے لئے خطرناک سمجھتے ہیں:تحقیقاتی کمیشن کی تشکیل پر اگرچہ تحفظات تھے تاہم رپورٹ کا اجرا ضروری ہے۔کمیشن کو وزیر اعظم اور انکی صاحبزادی کے بیانات ریکارڈ کرنا چاہئیے تھے۔پرویز رشید کو قربانی کا بکرا بنا کر معاملہ گول کرنے کی کوشش کی گئی۔قوم معاملے کا حتمی انجام دیکھنا چاہتی ہے ۔وزیر اعظم نے رپورٹ جاری نہ کی تو قوم سمجھے گی وہ ذمہ داروں کو بچانا چاہتے ہیں