لاہور (آئی این پی )پنجاب اسمبلی میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر سید وسیم اختر کی اپیل پر اپوزیشن ارکان نے جماعت الدعوۃ کے امیر حافظ محمد سعید کی نظر بندی کے خلاف ایوان سے واک آؤٹ کیا اور مطالبہ کیا کہ حافظ سعید کی نظر بندی فی الفور ختم کی جائے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران نکتہ اعترا ض پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا کہ حافظ سعید کی مسئلہ کشمیر کو زندہ رکھنے اور فلاح انسانیت کے لئے گرانقدر خدمات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا ادارہ فلاح انسانیت نہ صرف ملک بھر میں ایمبولینس سروس سمیت فلاحی خدمات سرانجام دے رہا ہے بلکہ سیلاب، زلزلوں اور دیگر قدرتی آفات میں بھی ان کے ادارہ نے بہترین خدمات سرانجام دی ہیں جبکہ مسئلہ کشمیر کو بھی حافظ سعید نے زندہ رکھا ہوا ہے۔ اب جبکہ کشمیر ی عوام سے یکجہتی کا پانچ فروری کا دن آرہا ہے حافظ سعید اور ان کے رفقاء کی نظر بندی بہت زیادتی ہے۔ ان پر سے یہ پابندی فی الفور اٹھائی جائے۔ ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا کہ وہ حکومت کے اس اقدام پر شدید احتجاج کرتے ہیں اور ایوان کی کارروائی کا بھی ٹوکن بائیکاٹ کرتے ہیں ۔ انہوں نے حکومتی اور اپوزیشن تمام ارکان سے اپیل کی کہ وہ بھی ان کے ساتھ ٹوکن واک آؤٹ کریں جس پر اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید سمیت اپوزیشن ارکان ایوان سے باہر چلے گئے۔