اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان ریلوے نے درجہ چہارم کے ملازمین کو درپیش رہائشی مشکلات کے پیش نظر ملک کے مختلف شہروں میں فلیٹس کی تعمیر کا منصوبہ شروع کر دیا ہے جس پر کروڑوں روپے کی لاگت آئے گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق منصوبہ کے تحت لاہور، کراچی اور ناروال میں 180 فلیٹس تعمیر کیے جا رہے ہیں۔
یہ منصوبہ ایک نجی کمپنی اور ریلوے کے اپنے ذیلی ادارے کے تحت تعمیر کیے جائیں گے اور ان فلیٹس کی تعمیر پر ابتدائی طور پر 64 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ فلیٹس ناروال کے علاقے یارڈ ایریا میں کلاس تھری کے 12 اور کلاس فور کے 24 فلیٹس تعمیر کیے جائیں گے۔ لاہور میں گڑھی شاہو میں کلاس تھری 48 اور کلاس فور کے بھی 48 فلیٹس تعمیر کیے جائیں گے جبکہ کراچی میں آئی آئی چندریگر روڈ پر کلاس تھری کے 16 اور کلاس فور کے 32 فلیٹس تعمیر کیے جائیں گے۔ ریلوے حکام بت بتایا کہ یہ منصوبہ جون 2018ء میں مکمل کر لیا جائے گا۔